تھیلیسیمیا سے بچاؤ کے قومی دن (نیشنل تھیلیسیمیا پریوینشن ڈے) کے حوالے سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں آگاہی سیمینار کا انعقاد حیات ظفر آڈیٹوریم نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں ہوا جس کی صدارت وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے کی۔ دیگر شرکاء میں پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ سربراہ شعبہ اپتھلمولوجی نشتر میڈیکل یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر شاہد ارشاد راؤ ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز نشتر میڈیکل یونیورسٹی، سینئر فیکلٹی ممبران، ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف سمیت یونیورسٹی کے طلباء وطالبات کی کثیر تعداد شامل تھی سیمینار کا مقصد تھیلیسیمیا جیسے موذی مرض سے عوام کو آگاہی دینا تھا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ شادی سے پہلے لڑکے اور لڑکی دونو ں کا تھیلیسیمیا کیرئیر ٹیسٹ ہونا ضروری ہے۔ مقررین کا یہ بھی کہنا تھا اس موذی مرض کی اگلی نسلوں میں منتقلی روکنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ مائنر تھیلیسیمیا کے شکار افراد آپس میں شادی سے گریز کریں۔ اگر شادی ہو چکی ہو اورحمل ٹھہر جائے تو بچے میں تھیلسیمیا میجر کی تشخیص کے لیےحمل کے دسویں ہفتے میں سی وی ایس ( CVS ) ٹیسٹ کروانا انتہائی ضروری ہوتا ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کا کہنا تھا کہ صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے تھیلیسیمیا کے حوالے سے حکومت پنجاب کی مرتب کردہ حکمت عملی پر عملدرآمد اور اس طرح کے آگاہی سیمینارز کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلوں سے اس موذی بیماری کا خاتمہ کیا جاسکے۔ انہوں نے سیمینار کے انعقاد پر منتظمین اور تھیلیسیمیا ریسرچ انسٹیٹیوٹ نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے ممبران کی کاوشوں کو سراہا اور اعزازی شیلڈز تقسیم کیں






